Thursday, September 19, 2024
spot_img
Homeاسٹوریزکراچی:کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرونگا ، مراد علی شاہ

کراچی:کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرونگا ، مراد علی شاہ

کراچی( اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 22.5 ارب روپے رمضان پیکیج کا اعلان کیا، جس کا مقصد 60 فیصدخاندانوں کی مدد کرنا ہے، خاص طور پر ایسے افراد جن کی ماہانہ آمدنی 32,000 سے 35,000 روپے ہے۔کم آمدنی والے افراد کے خاندانوں کو بینکوں کے ذریعے 5000 روپے نقد فراہم کیے جائیں گے۔رقم کی فراہمی کے حوالے سے ضابطۂ کار کا فیصلہ آئندہ دو روز کے دوران کیاجائے گا ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ آج سے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کریں اور اس کی رپورٹ پیش کریں ۔یہ فیصلے وزیراعلیٰ سندھ نے رمضان پیکج اور پرائس کنٹرول سمیت دیگر انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیے۔ اجلاس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری ڈاکٹر فخر عالم، آئی جی پولیس رفعت مختار، سیکریٹری خزانہ کاظم جتوئی، سیکریٹری زراعت اعجاز شاہ، سیکریٹری خوراک ناصر عباس سومرو، ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم رند، کمشنر کراچی سلیم راجپوت،کراچی کے تمام ڈپٹی کمشنرز ، کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی کے نمائندے اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم نے بتایا کہ صوبے میں 45 لاکھ مستحق خاندان ہیں جو 32000 سے 35000 روپے ماہانہ یا اس سے کم کما رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ خاندان آبادی کا 60 فیصد ہیں اور انہوں نے انہیں 5000 روپے نقد رمضان پیکج کے طورپر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کے لیے سبسڈی کی مجموعی رقم 22.5 ارب روپے متوقع ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ رمضان 15.5 ارب روپے کا پیکج دیا گیا تھا۔مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ ضرورت مند خاندانوں کی تعداد کا تعین کریں تاکہ کوئی ضرورت مند رہ نہ جائے۔ مراد علی شاہ نے انہیں 22.5 ارب روپے کی تقسیم کے حوالے سےبینکوں سے بات کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ڈویژنل کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کریں۔ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کے علاوہ طلب اور رسد کے درمیان توازن کو یقینی بنانا ہے تاکہ قیمتیں کنٹرول میں رہیں۔مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی سلیم راجپوت کو ہدایت کی کہ وہ اپنے نمائندے کے طور پر ایک اسسٹنٹ کمشنر اور ایک مختیارکاربھیجیں جو سبزی منڈی میں سبزیوں اور پھلوں کی خرید و فروخت کے وقت موجود ہوں اور اس کے مطابق نرخ جاری کریں۔ انہوں نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی پولیس کو ہدایات دیں کہ وہ پرائس کنٹرول مہم کے دوران ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف شروع کیے جانے والے کریک ڈاؤن میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی الیکٹرک، حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ وہ افطار اور سحری کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کریں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے لوڈ شیڈنگ شروع کر دی ہے اور ان سے درخواست کی ہے کہ وہ رمضان کے دوران گھریلو صارفین کو گیس کی بندش سے مستثنیٰ کریں اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کریں۔مراد علی شاہ نے محکمہ زکوٰۃ کو ہدایت کی کہ وہ 110,000 رجسٹرڈ خاندانوں میں فی کس 14,000 روپے گزارا الاؤنس جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں غریب لوگوں کی مدد کے لیے سب کو یہاں تک کہ نجی شعبے اور مخیر حضرات کو بھی آگے آنا ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں پوری دنیا میں ہر جگہ چیزوں کی قیمتوں میں کمی آتی ہے لیکن پاکستان میں جان بوجھ کر قیمتیں بڑھائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کو مقدس ماہ رمضان میں غریب افراد کے دکھ کا مداوا کرنا چاہیے۔ مراد علی شاہ نے انتظامیہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کسی بھی وقت شہرکا اچانک دورہ کریں گے اور پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں، معیار اور مارکیٹ میں ان کی دستیابی کا جائزہ لیں گے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین