Tuesday, April 29, 2025
spot_img
Homeاسٹوریزتھرپارکر:ایک ہی گھر سے تین بچوں سمیت پانچ افراد کی لاشیں برآمد

تھرپارکر:ایک ہی گھر سے تین بچوں سمیت پانچ افراد کی لاشیں برآمد

تھرپارکر (رپورٹ:پرکاش کمار) ضلع تھرپارکر کی تحصیل ننگرپارکر کے دور افتادہ گاؤں کویا میں دلخراش واقعہ پیش آیا جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک ہی گھر سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق، شنکر بھٹو ولد کھیت سنگھ ٹھاکر نے اپنی اہلیہ پون بائی اور تین بچوں کو زہر دے کر ہلاک کیا اور بعد میں خود کو پھندا لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق، مرنے والوں میں 5 سالہ جسونت، 8 سالہ گلجی اور 3 سالہ گیتا بائی شامل ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ واقعہ بظاہر گھریلو تنازعے یا شدید ذہنی دباؤ کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم اس کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے تمام لاشوں کو ننگرپارکر کے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ واقعہ تھرپارکر میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ علاقے میں خوف و ہراس اور سوگ کا ماحول چھایا ہوا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ اس سانحے پر سخت صدمے میں ہیں۔ تھرپارکر میں آئے دن خودکشی کے واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، لیکن یہ اجتماعی ہلاکت اپنی نوعیت میں منفرد اور پریشان کن ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور کہا ہے کہ ہر ممکن پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ واقعہ قتل تھا یا اجتماعی خودکشی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک کیس بند نہیں کیا جائے گا۔ اس سانحے نے تھرپارکر میں خودکشیوں کے سدباب کے لیے کام کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

مقبول ترین