حب (نامہ نگار) حبکو پاور پلانٹ گوٹھ قادر بخش گدور کے قریب فائرنگ کرکے پالاری برادری کے دو سگے بھائیوں کو قتل کردیا گیا، مقتول سگے بھائیوں کی شناخت 30 سالہ جاوید پالاری اور 25 سالہ عباس پالاری ولد اسماعیل پالاری کے نام سے ہوئی جو کہ حبکو موضع کنڈ پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما شریف پالاری کے کزن بتائے جاتے ہیں، اطلاع ملنے پر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے دونوں بھائیوں کی نعشیں سول اسپتال حب منتقل کردی گئی بعد ازاں ورثاء کے حوالے کردی گئیں، دونوں سگے بھائیوں کی نعشیں گھر پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا پر ہر آنکھ اشکبار ہوگئی اور ماحول سوگوار بن گیا، بعد ازاں لواحقین نے احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، ورثاء کا کہنا ہے کہ عباس پالاری اور جاوید پالاری 9 جنوری کی رات پولٹری فارم پر بیٹھے تھے کہ اسرار بزنجو اور عرفان بروہی نے حملہ کرکے دونوں بھائیوں کو کلاشنکوف کی گولیوں سے چھلنی کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے، ورثاء کے مطابق اسرار بزنجو اور عرفان بروہی دونوں منشیات فروش اور کرمنل ہیں جو حب اور گردونواح سے کراچی کی جانب منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں، ورثاء کے مطابق عرفان بروہی اور اسرار بزنجو مقتول جاوید پالاری اور عباس پالاری کے دوست تھے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر متعدد بار عباس پالاری اور جاوید پالاری کی اسرار بزنجو اور عرفان بروہی سے تلخ کلامی بھی ہوئی تھی، ورثاء کا کہنا ہے کہ مقتول کے بھائی عزیز کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے لیکن تاحال قاتل گرفتار نہیں ہوسکے ہیں قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے، دوسری جانب سندھ پالاری اتحاد کے مرکزی رہنما ڈاکٹر انور پالاری نے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پالاری برادری کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں قاتل چاہے کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں قانونی کٹہرے میں لاکر سزا دلائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ فوری طور پر قاتل گرفتار نہیں ہوئے تو سندھ اور بلوچستان بھر میں احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے،