کراچی:روشن و بیدار دماغ ایک نعمت ہے اور روشن دماغ کے لیےروشن خیالی ضروری ہے۔ ہر معلومات کو کئی ذاویوں سے پرکھیں اور کثیر الجہت مطالعہ کریں۔ یہی عمل انسان کو عالم بناتا ہے کیوں کہ اسی سے آپ کسی بھی موضوع کو گہرائی و گیرائی سے جان لیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معروف مصنفہ اور آرٹسٹ رومانہ حسین نے کیا ۔ وہ گزشتہ روز ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام اور ہمدردفائونڈیشن کی صدر محترمہ سعدیہ راشد کی زیر صدارت بحریہ ٹائون ٹاورکراچی میں منعقدہ حکیم محمد سعید میموریل اسکالرشپ پروگرام سے بہ طور مہمان خصوصی خطاب کررہی تھیں۔شہیدحکیم محمد سعید اسکالر شپ کے تحت ملک بھر سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کو بالترتیب پچاس ہزار اور پچھترہزار کے مالی وظائف عطا کیے گئے۔تقریب میں ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر سید محمد ارسلان بھی شریک ہوئے۔
مہمان خصوصی رومانہ حسین نے مزید کہاکہ اُردو زبان میں متاثر کن ادب اطفال کی ہمیشہ کمی رہی ہے۔ اس کا ادراک شہید حکیم محمد سعید نے بھی کیا جنھوں نے ماہ نامہ ہمدرد نونہال شایع کرنا شروع کیا جو مسلسل کئی نسلوں کی ذہنی و فکری آبیاری میں مصروف عمل ہے۔ یہ رسالہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، اس کو اپنے مطالعے کا لازماً حصہ بنائیں۔ لسانی، نسلی، مذہبی تنوع کراچی شہر کی خوبصورتی ہے اور یہی کراچی کی شناخت ہے کہ یہاں ہر رنگ ونسل اور زبان و عقائد کے لوگ رہتے ہیں۔اُنھوں نے نونہالوں کو نصیحت کی کہ ہر معاملہ میں وسعت قلب اور وسعت نظر کا مظاہرہ کریںاور اختلافی رائے کا احترام کریں۔ اپنے ماحولیات کی حفاظت کریں۔عام استعمال ہونے والی پلاسٹک کی تھیلیاں آبی حیات کو سنگین انداز میں نقصان پہنچارہی ہیں۔
محترمہ سعدیہ راشد نے کہاکہشہید حکیم محمد سعید ایسا پاکستان چاہتے تھے جہاں کوئی بچہ بھیک مانگتا ہوا دکھائی نہ دے، ہر نونہال صبح سویرے ہنستا مسکراتا اسکول جائے ، اپنے روشن مستقبل کے خوبصورت خواب سجائے ، علم و ہنر کی روشنی سے منور ہو اور پھر بڑا ہوکر ملک و قوم کی خدمت کے جذبے سےسرشار ہوکر میدان عمل میں اُترے۔ حکیم صاحب وقت کی قدر کرتے تھے۔اُن کا قول ہے ’’وقت اللہ کی امانت ہے، اس کا درست استعمال عبادت ہے‘‘۔ہمیشہ وقت پر سوئیں اور سویرے جاگنے کی عادت اپنائیں۔ اس سے صحت بھی اچھی ہوجائے گی۔ اچھی صحت سے مثبت افکار جنم پاتے ہیں۔اپنے علم میں خوب اضافہ کریں، مطالعہ کی عادت اپنائیں اور اسمارٹ فون کا غلط استعمال نہ کریں۔ اس سے آپ کا وقت برباد ہوتا ہے اور آپ اپنے بزرگوں سے اچھی باتیں نہیں سیکھ پاتے۔اُنھوں نے طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ یہاں موجود تمام طلبہ نے تعلیمی میدان میں ان تھک محنت کے ذریعے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورمیرٹ پر حکیم محمد سعید اسکالرشپ حاصل کی ہے۔اس کامیابی کے پیچھے آپ کے والدین کی محنت و خلوص بھی شامل ہے۔
تقریب کی میزبانی ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی ایڈوائزرسمیرا جاویدنے انجام دی جنھوں نے نونہالوں کو اس کامیابی پر مبارک باد دی اور کہاکہ ذہین اور محنتی نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔ تقریب کا اختتام دعائے سعید پر ہوا۔ تقریب میں طلبہ کے ساتھ والدین اور اساتذہ نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔